شائستہ پرویز اور اسلم گل صادق اور امین نہیں رہے، آزاد امیدوار نے نااہلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

جمعرات 2 دسمبر 2021 15:23

شائستہ پرویز اور اسلم گل صادق اور امین نہیں رہے، آزاد امیدوار نے   نااہلی ..
لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) :لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 الیکشن میں ووٹ خریدنے کی وڈیو زکے معاملہ پر آزاد امیدوار نے اپنے مدمقابل مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی نااہلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 133 سے آزاد امیدوار سہیل شہزاد نے دائر درخواست میں نشاندہی کی ہے کہ مسلم لیگ ن کی امید وار شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل کی جانب سے ووٹ خریدنے کی ویڈیوز سامنے آئیں۔

ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن رولز کی خلاف ورزی پر امیدواروں کو 20، 20 ہزار روپے جرمانہ کیالیکن انہیں نااہل قرار نہیں دیا گیا۔درخواست گزار کے مطابق شائستہ پرویز اور اسلم گل صادق اور امین نہیں رہے،اسی وجہ سے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکتے۔درخواست میں استدعا کی گئی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو  انتخابات میں حصہ لینے  کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔