گورنر پنجاب چودھری سرور کو لندن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا، بھاری جرمانہ عائد

گورنرپنجاب چودھری سرور کی گاڑی ڈبل زرد لائن پر پارک کی گئی تھی جس کے باعث انہیں جرمانہ کیا گیا، میڈیا رپورٹ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 5 دسمبر 2021 21:28

گورنر پنجاب چودھری سرور کو لندن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا ..
لندن (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 5دسمبر 2021) گورنر پنجاب چودھری سرور کو لندن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا، بھار جرمانہ عائد ۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم گورنر پنجاب چودھری سرور ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کر کے مشکل میں پھنس گئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گورنر پنجاب پر لندن کی ٹریفک پولیس نے جرمانہ عائد کر دیا۔

جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں گورنر پنجاب چودھری سرور کو کسی سے فون پر بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ اُن کے سامنے کھڑی کالی رنگ کی گاڑی پر جرمانے کا ٹکٹ چسپاں ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گورنرپنجاب کی گاڑی ڈبل زرد لائن پر پارک کی گئی تھی جس کے باعث انہیں جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس نے جرمانے کا ٹکٹ گاڑی کی فرنٹ سکرین پر چسپاں کردیا۔

برطانوی ٹریفک قوانین کے مطابق ڈبل زرد لائن پر گاڑی پارک نہیں کی جاسکتی۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب چودھری سرور گزشتہ کئی روز سے برطانیہ میں موجود ہیں جہاں وہ اہم ملاقاتوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی سے خطابات بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے اسی دورے کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر خود کو کھڈے لائن لگانے کی بات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے برطانیہ سے ہی پاکستان میں الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کیا۔