اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سعودی حکام کے نمازیوں کیلئے نئے احکامات

حکام نے نمازیوں کو مساجد کے سختی سے ماسک پہننے کی ہدایت کردی ، نماز کے دوران دوسرے نمازیوں سے محفوظ فاصلہ بھی برقرار رکھنا ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 7 دسمبر 2021 12:11

اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سعودی حکام کے نمازیوں کیلئے نئے احکامات
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب میں کورونا وائرس کی مہلک قسم اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سعودی حکام نے نمازیوں کیلئے نئے احکامات جاری کردیے ، حکام نے نمازیوں کو مساجد کے سختی سے ماسک پہننے کی ہدایت کردی ، نماز کے دوران دوسرے نمازیوں سے محفوظ فاصلہ بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی نمازیوں نے مساجد میں ماسک پہننے کی تاکید کی ہے ، سعودی حکام نے نمازیوں کو مساجد کے اندر ماسک پہننے کی ضرورت کا اعادہ کیا ہے تاکہ اومی کرون میوٹیشن کے ظہور کے بعد کورونا وائرس اور اس کی مختلف اقسام کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ، یہ رہنمائی سعودی عرب میں کوویڈ 19 کے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنے کی انچارج کمیٹی کے وزیر صحت فہد الجلاجی کی زیر صدارت 283 ویں اجلاس کے چند دن بعد سامنے آئی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سعودی وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ نمازیوں کو مساجد میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، جیسے کہ چہرے پر ماسک پہننا اور نماز کے دوران دوسرے نمازیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا ، اس سلسلے میں امام حضرات اور مبلغین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاشرے کو صحت عامہ کو برقرار رکھنے اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں۔

ادھر مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں احتیاطی تدابیر سخت کرنے کی ہدایت کردی گئی ، سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، اس ضمن میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ زائرین کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات شامل ہے ، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں حفظان صحت کے سخت انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری طرف سعودی حکام نے مملکت میں کورونا وائرس کا پہلا اومی کرون ویریئنٹ کیس ریکارڈ ہونے کی تحقیقات کا آغاز کردیا کیو ں کہ شمالی افریقی ملک سے مسافر طیارے میں سوار ایک سعودی شہری میں اومی کرون کی تصدیق ہونے کے بعد سعودی عرب ان 21 سے زیادہ ممالک میں شامل ہوچکا ہے جہاں اومی کرون انفیکشن ریکارڈ کیا گیا ، جس کے بعد سعودی عرب نے ملک میں کورونا کی اومی کرون قسم کے پہلے مثبت کیس کی تصدیق ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا ہے ، اس وبائی مرض کی تحقیقات کے علاوہ صحت کے حوالے سے تسلیم شدہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے کیس کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے ، اس فرد کو کئی دوسرے لوگوں کے ساتھ تنہائی میں رکھا گیا ہے جن سے وہ رابطے میں تھے۔