2019 کی نسبت ضلع گجرات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 1لاکھ78 ہزار 47 ووٹرز کا اضافہ کا اضافہ ہوا ہے، خالد محمود

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں گھر گھر جاکر ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال جاری ہے ،مقرر ہ تاریخ میں 21دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر

منگل 7 دسمبر 2021 23:59

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد محمود نے کہا ہے کہ2019 کی نسبت ضلع گجرات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 1لاکھ78 ہزار 47 ووٹرز کا اضافہ کا اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں گھر گھر جاکر ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال جاری ہے اور اس کے لئے مقرر ہ تاریخ میں 21دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ووٹرز ڈے موقع پر بریفنگ کے دوران کیا، ووٹرز کمیٹی کے ممبران سید ابرار حسین، سید وقار جاوید نقوی و دیگر بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد محمود نے بتایا کہ 2019 میں ووٹرز کی تعداد 19لاکھ 18 ہزار 268 تھی جو اب بڑھ کر 20 لاکھ96 ہزار315 ہو گئی ہے ان میں 11 لاکھ 23ہزار3 مرد اور 9 لاکھ 73 ہزار 312 خواتین شامل ہیں، مرد ووٹر ز کی تعداد 79626 اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں 98421 ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل 7 نومبر سے شروع کیا گیا ہے، اس مقصد کے لئے ضلع میں 1168 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر ووٹوں کی تصدیق کررہے ہیں،نئے ووٹرز کا اندراج کیا جارہا ہے، فوت شدگان کا نام اس میں سے خارج کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرخالد محمود نے کہا کہ شہری جانچ پڑتال کے لئے آنے والی ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اگر کسی علاقہ میں ٹیم نہ پہنچے یا کوئی شکایت ہو تو ان سے فون نمبر 053-3607114,3602270 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا براہ راست بھی ان کے دفتر واقع بھمبر روڈ پر رجوع کی جا سکتا ہے۔