سپریم کورٹ نے کیپٹن(ر) صفدر ، ان کے بھائی اور سابق جج اعجاز افضل کے بھائی کے درمیان زمین کے تنازعہ سے متعلق کیس ایبٹ آباد کی سیشن کورٹ کو منتقل کر دیا

بدھ 8 دسمبر 2021 13:08

سپریم کورٹ نے   کیپٹن(ر) صفدر ، ان کے بھائی    اور سابق جج اعجاز افضل کے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2021ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما   کیپٹن(ر) صفدر ، ان کے  بھائی سجاد اعوان  اور سابق جج اعجاز افضل کے بھائی سجاد افضل کے درمیان زمین کے تنازعہ سے متعلق کیس   ایبٹ آباد کی سیشن کورٹ کو منتقل کرتے ہوئے  متعلقہ عدالت کو جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت عظمی نے مذکورہ تنازعہ میں  ضمانت قبل از گرفتاری اور ایف آئی آر کے خاتمے کے  مقدمات بھی  ایبٹ آباد سیشن کورٹ کو منتقل کر دیئے ۔

بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے  سابق جج  اعجاز افضل خان کے بھائی سجاد افضل اور  کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ان کے بھائی سجاداعوان کے مابین اراضی کے تنازعہ سے متعلق مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ کی عدالت سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور کو منتقل کرنے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ  مانسہرہ میں جج کی عدالت کے باہر ایک ہزار لوگوں کا مجمع کھڑا کر کے جج سے دبائو میں فیصلہ لینا کیا مناسب بات ہے،ہمارے معاشرے میں لوگ انصاف کے نظام کو اپنے ہاتھوں میں لے لیتے ہیں، آپ کو علم ہے منڈی بہائوالدین میں جج کے ساتھ کیا ہوا،کیا ایسے واقعات پر صرف عدلیہ ایکشن لے ،قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

دوران سماعت  درخواست گزار سجاد افضل کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میرے موکل کا حق ہے کہ مقدمہ مانسہرہ میں سنا جائے ۔  اس دوران کیپٹن( ر) صفدر کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے موقف اپنایا کہ مقدمہ مانسہرہ کے علاوہ جہاں مرضی منتقل کر دیں ہماری طرف سے کوئی مسئلہ نہیں۔ عدالت عظمیٰ نے  مسلم لیگ (ن) کے رہنما ر کیپٹن(ر) صفدر اور سابق جج اعجاز افضل کے بھائی کے درمیان زمین کے تنازعہ سے متعلق کیس ایبٹ آباد سیشن کورٹ کو منتقل کرتے ہوئے ایبٹ آباد کی متعلقہ عدالت کو جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت عظمی نے مذکورہ تنازعہ میں  ضمانت قبل از گرفتاری اور ایف آئی آر کے خاتمے کے مقدمات بھی  ایبٹ آباد سیشن کورٹ کو منتقل کر دیئے۔ واضح رہے کہ سابق جج اعجاز افضل کے بھائی سجاد افضل اور کیپٹن ر صفدر کے بھائی کے درمیان مانسہرہ میں جائیداد کے غیر قانونی قبضے کا تنازعہ ہے، پشاور ہائیکورٹ نے مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  مانسہرہ  کی عدالت سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  پشاور کی عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیا ،  پشاور ہائیکورٹ کے مقدمہ منتقل  کرنے کے فیصلے کیخلاف سجاد افضل نے  سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا ۔