لاہور: اے این ایف نے بڑی کارروائی میں 23 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لیں

منشیات کو کوریئر کے ذریعے آسٹریلیا بھیجا جا رہا تھا، اینٹی نارکوٹس فورس نے منصوبے کو ناکام بنا دیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 8 دسمبر 2021 23:28

لاہور: اے این ایف نے بڑی کارروائی میں  23 کلو سے زائد منشیات برآمد کر ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 دسمبر2021ء) اے این ایف نے بڑی کارروائی میں 23 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لیں۔ منشیات کو کوریئر کے ذریعے آسٹریلیا بھیجا جا رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹس فورس نے منشیات اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 23 کلو سے زائد منشیات کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ منشیات کوریئر کے ذریعے آسٹریلیا بھیجی جا رہی تھیں۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئیں۔ دوسری جانب منشیات کیس میں 4 سال تک پاکستان کی جیل میں قید رہنے والی غیر ملکی ماڈل ٹریزا کی مشکلات تاحال کم نہ ہو سکیں۔ گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ نے ماڈل کر بری کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی فیصلے کے باوجود غیر ملکی ماڈل تاحال اپنے ملک واپس نہیں جا سکی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیک ماڈل ٹریزا کو تاحال پاسپورٹ اور دیگر سامان واپس نہیں کیا گیا۔ اس صورت حال میں ماڈل نے لاہور کی ایک سیشن کورٹ میں سامان کی سپرد داری کے لیے وکیل کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایاگیا کہ ہائی کورٹ سے منشیات کے مقدمے سے بری ہوچکی ہوں، پاسپورٹ، نقدی سمیت دیگر اشیا کسٹم حکام کے قبضے میں ہیں، عدالت سامان واپس کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 11 تاریخ کو لاہور ہائیکورٹ نے ٹریزا کی سزا کے خلاف اپیل منظور کر لی تھی۔ تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا کہ ٹریزا کی جس خاتون کانسٹیبل نے ائیرپورٹ پر تلاشی لی اسے گواہ ہی نہیں بنایا گیا،تلاشی لینے والی کانسٹیبل کو گواہ نہ بنا کر استغاثہ نے سب سے اہم گواہی روکی،اس پر کوئی تفتیش نہیں کی گئی کہ ائیر پورٹ سے کسٹم ہائوس مبینہ منشیات کب اور کیسے پہنچی،ائیر پورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں لی گئی،ایسے واقعات میں سی سی ٹی وی ضروری ہوتی ہے جس سے جھوٹے کیس کا امکان ختم ہو جاتا ہے،مدعی کا یہ بیان ہونا چاہیے تھا کہ اس نے کیس پراپرٹی کسٹم ہاوس جمع کرائی،استغاثہ کے کیس میں ایسے نقائص کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،استغاثہ ٹریزا کے خلاف کیس کو ثابت کرنے میں ناکام رہی اسلئے اسے بری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی ملک چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو 10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں لاہورایئر پورٹ سے متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے ماڈل ٹریزا کو منشیات کیس میں قید کی سزا سنائی تھی۔