Live Updates

اولمپکس کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،

وزیراعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے پر عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا تقریب سے خطاب

جمعرات 9 دسمبر 2021 16:20

اولمپکس کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2021ء) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں صرف سہولیات کا فقدان ہے، اولمپکس کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں نے بغیر سہولیات کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کھیلوں کے میدان میں ہمارے نوجوان کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جناح سٹیڈیم کے لیاقت جمنازیم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ نوجوان کامیاب ہوں گے تو پاکستان کامیاب ہوگا، پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے انعقاد پر منتظمین بالخصوص وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے لیے قرضے دیئے جا رہے ہیں، اس پروگرام کے تحت 10 ہزار نوجوان قرض لے کر اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کامیاب سپورٹس پروگرام کے ذریعے ملک بھر سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکال کر سپورٹس کمپلیکس میں جمع کر دیا گیا ہے، کالج اور یونیورسٹیوں کی سطح پر نوجوانوں کے مقابلے ہو رہے ہیں، کامیاب سپورٹس پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں جس سے کھیلوں کے میدان میں ہم کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔

مراد سعید نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا جانا ایک خوش آئند قدم ہے، کرکٹ، ہاکی، فٹ بال اور اولمپکس کے چیمپئنز ایسے ہی پروگراموں کے ذریعے سامنے آئیں گے، ہمارا پروگرام ہے کہ ہر سال کالج اور یونیورسٹیوں کی سطح پر اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کرایا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ عالمی سطح پر ہمارے اولمپیئنز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، انہیں سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بھی ہماری ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے ابھرنے والے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح تک جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات