پاکستان کی بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت

عالمی برادری خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے، بیان

جمعرات 9 دسمبر 2021 17:07

پاکستان کی بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ جموں کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید تین کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی قابض افواج نے یکم اکتوبر 2021 سے اب تک کم از کم 40 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی قابض افواج شہید کشمیریوں کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کرنے سے بھی انکاری ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بی جے پی حکام نے گزشتہ کئی ہفتوں سے کشمیری مسلمانوں کو تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ ادا کرنے پر پابندی لگا رکھی ہے،پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔ترجمان نے کہاکہ عالمی برادری خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔