پی پی 206 خانیوال ضمنی الیکشن میں دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی

2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار رانا محمد سلیم حالیہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار جبکہ لیگی امیدوار نشاط احمد ڈاہا کی بیوہ پی ٹی آئی کی امیدوار بن گئیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 12 دسمبر 2021 15:00

پی پی 206 خانیوال ضمنی الیکشن میں دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی
خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔12 دسمبر2021ء) پی پی 206 خانیوال ضمنی الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں۔یہ نشست ن لیگ کے ایم پی اے نشاط خان ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔حلقے میں دلچسپ صورتحال نے ضمنی الیکشن کو خصوصی اہمیت دے دی ہے۔حلقے میں 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار رانا محمد سلیم حالیہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار ہیں۔

جب کہ 2018 میں ن لیگ کے امیدوار نشاط احمد ڈاہا کی بیوہ نورین نشاط احمد ڈاہا ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ سینیٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ ‏پاکستان تحریک انصاف نے 16 دسمبر 2021ء کو ضلع خانیوال کے حلقہ پی پی 206 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے نورین نشاط ڈاھا کو ٹکٹ جاری کردیا ہے۔ ‎یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے ٹویٹ میں کہی۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے میر واثق سرجیس حیدر بھی حصہ لے رہے ہیں۔پی پی 206 کو ضمنی انتخاب کے لیے بینرز اور پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا۔دوسری جانب پی پی 206 خانیوال ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کا مطالبہ کر دیا ۔ الیکشن کمیشن کو دی گئی درخواست میں کہاگیاکہ وزراء،مشیر ارکان اسمبلی پی ٹی آئی امیدوار کی کھلے عام انتخابی مہم چلا رہے ہیں،الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی پی پی 206 میں خلاف ورزی ہورہی ہے۔

(ن)لیگ نے مطالبہ کیاکہ الیکشن کمیشن معاملہ کا نوٹس لیکر کارروائی کرے۔ (ن)لیگ نے کہا کہ وزیر اعظم انسپکشن سیل کے سربراہ احمد یار ہراج، صوبائی وزیر حسین جہانیاں، ممبران صوبائی اسمبلی حامد یار ہراج فیصل اکرم خان نیازی اور چئرمین میونسپل کمیٹی خانیوال مسعود مجید حکومتی امیدوار کی مہم چلا رہے۔(ن )لیگ کے رہنماء عطاء اللہ تارڑ اور امیدوار پی پی 206 سے ن لیگی امیدوار رانا سلیم حنیف کی وساطت سے رفیق رجوانہ اور میاں فیصل عرفان نے درخواست دی،درخواست میں پی ٹی آئی کی خلاف ورزی کی ویڈیوز بھی جمع کرائی گئی۔