کویت ؛ کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی والی مساجد کو بند کرنے حکم جاری

نمازیوں کو اپنا جائے نماز لانے اور ماسک پہننے کی ہدایت‘ دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد‘ کورونا وائرس سے متاثر اور گھر میں قرنطینہ لوگوں کو مساجد میں داخلے سے روک دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 31 دسمبر 2021 16:08

کویت ؛ کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی والی مساجد کو بند کرنے حکم جاری
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 دسمبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت میں کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی والی مساجد کو بند کرنے حکم جاری کردیا گیا‘ نمازیوں کو اپنا جائے نماز لانے‘ ماسک پہننے‘ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اور گھر میں قرنطینہ کیے ہوئے لوگوں کو مساجد میں داخلے کی اجازت نہ دینے کا حکم دے دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق مساجد میں صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت اوقاف کے معاون انڈر سیکرٹری برائے مساجد سیکٹر ڈاکٹر بدر ترکی العتیبی کی طرف سے آج ایک سرکلر جاری کیا گیا ، جس میں نمازیوں کی صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ہے جب کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والی مساجد کو بند کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

کویت اردو نے سرکلر کے حوالے سے بتایا کہ وزارت کی جانب سے نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے دوران مساجد کے دروازے کھلے رکھنے کی پابندی ضروری قرار دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ نمازیوں کو صحت کے پیش نظر ہر نمازی اپنے ساتھ اپنے جائے نماز لائیں اور ماسک پہنیں ، مساجد کے دروازوں پر ہجوم کی اجازت نہ دی جائے جب کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد ، ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے اور وہ لوگ جو گھر کے قرنطینہ میں ہیں ان کو مساجد میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

سرکلر میں دمہ ، بلڈ پریشر، ذیابیطس، دل کی بیماری اور بڑھاپے سے جڑی بیماریوں میں مبتلا افراد کو جمعہ اور باجماعت نماز میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، کمزور قوت مدافعت یا دائمی بیماریوں والے افراد کو اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کرنے کا کہا گیا ہے ، مسجد انتظامیہ کی جانب سے اگر صحت کے تقاضوں کی تعمیل نہ کی گئی اور نمازیوں کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے صحت کے تقاضوں کی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئی تو اس صورت میں مسجد بند کر دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :