گھر میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی سے 7 افراد جاں بحق ، 4 زخمی

جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور2 بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 جنوری 2022 10:17

گھر میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی سے 7 افراد جاں بحق ، 4 زخمی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2022ء) : ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھر میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی سے 7 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل کے نواحی گاؤں میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں گیس لیکج کے باعث آگ لگ گئی جس سے جھلس کر 7 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

واقعے بعد ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسکہ سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 3 افراد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر گوجرانوالہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور2 بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھر میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

قبل ازیں ہنگو کی گلشن کالونی میں ایک گھر میں گیس بھر جانے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد ریسکیو حکام کو طلب کیا گیا۔ ریسکیو حکام نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد رات کو گیس کا ہیٹر لگا کر سوئے تھے جس کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی۔ پولیس نے بھی اپنے بیان میں یہی بتایا کہ متاثرہ خاندان نے سردی سے بچنے کے لیے رات کوکمرے میں گیس ہیٹر چلا رکھا تھا جس کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی اور دم گھٹنے سے افراد جان کی بازی ہار گئے ۔