سرگودھا،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڈ نے ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر کا افتتاح کردیا

ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر 24گھنٹے فعال رہے گا،حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا رہی ہے ،بابر حیات تارڈ

بدھ 12 جنوری 2022 12:15

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڈ نے ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر کا افتتاح کردیاجس میں آئی ٹی سے متعلقہ تمام ضروری آلات نصب کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سینئرممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڈ نے سرگودھا کا دورہ کیا اور یہاں ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر کا افتتاح کیا جس کے لئے منعقدہ تقریب میں کمشنر نبیل جاوید ،ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہ رخ خان نیازی ،اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل اور پی ڈی ایم اے سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ ہنگامی آپریشن سنٹر میں آئی ٹی سے متعلقہ تمام ضروری آلات نصب کئے گئے جس کا بنیادی مقصد ضلع میں کسی قدرتی آفت سے بھر پور انداز میں نمٹانا ہے ۔

(جاری ہے)

ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر میں ویڈیو وال میڈیا وال کمپیوٹرز بائیومیٹرک مشین وائی فائی پرنٹر کانفرنس ویڈیو اینڈ آڈیو کالنگ سسٹم سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔

افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہاکہ ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر 24گھنٹے فعال رہے گا جہاں پولیس،ریسکیو 1122 ٹریفک پولیس،انہار اور ماحولیات سمیت دیگر محکموں کے ملازمین تین شفٹوں میں ڈیوٹیاں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کو فوری یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہنگامی آپریشن سنٹر تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کام کرے گا جس کا بنیادی مقصد سیلاب سموگ اور کریشنگ کے سیزن کے علاوہ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں عوام کی درست سمیت راہنمائی اور مدد فراہم کرناہے۔ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے اس ضمن میں انہیں تفصیلی بریفنگ دی ۔