7 سال بچی سے زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار شخص بری کر دیا گیا

لاہور ہائیکورٹ نے عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کو ناکافی شہادتوں کی بنا پر بری کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 جنوری 2022 00:07

7 سال بچی سے زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار شخص بری کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2022ء) 7 سال بچی سے زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار شخص بری کر دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ نے عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کو ناکافی شہادتوں کی بنا پر بری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں سرگودھا میں زیادتی کے بعد قتل کر دیے جانے والی 7 سالہ بچی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جسٹس شہرام سرور کی جانب سے کی جانے والی سماعت کے دوران عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کی سزاء کیخلاف کی گئی اپیل کی سماعت کی گئی۔

سماعت کے دوران مدعی مقدمہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے 7 سالہ معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا، جبکہ بچی کی لاش بوری میں بند کر کے پھینک دی تھی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مجرم نے بچی کا رشتہ دار جو کہ گاوں کا چوہدری ہے، اس کے سامنے صلح کیلئے اقرار جرم کیا۔ اس موقع پر عدالت کی جانب سے ریمارکس دیے گئے کہ بچی کا قتل ایک سانحہ تھا، اگر ملزم نے اقرار جرم کیا تھا تو گاوں کا چوہدری اس ظلم پر کیسے خاموش رہا اور ملزم کو اسی وقت کیوں گرفتار نہیں کروایا؟ گاوں والے اس ظلم پر کیسے خاموش رہے؟۔

اس موقع پر ملزم کے وکیل نے عدالت کے سامنے دلائل دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بے بنیاد الزام پر ناکافی شوادتوں کے باوجود ٹرائل کورٹ نے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی۔ دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کو ناکافی شواہد کی بنا پر بری کر دیا۔