سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کی شامت آگئی

غیرقانونی طور پر مملکت آنے والے 17غیر ملکی تارکین وطن گرفتار ، غیرقانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے والے سعودیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا، عرب میڈیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 16 جنوری 2022 20:05

سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کی شامت آگئی
ریاض (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 16 جنوری 2022) سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کی شامت آگئی، غیرقانونی طور پر مملکت آنے والے 17غیر ملکی تارکین وطن گرفتار ، غیرقانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے والے سعودیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی پولیس کی جانب سے غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرکے مملکت آنے والے تارکین وطن کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ دنوں مزید 17 غیرملکی گرفتار ہوئے ہیں۔

ریجن پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرکے مملکت میں داخل ہونے والے 17 غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دراندازوں کو نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے کے الزام میں ایک سعودی شہری کو بھی گرفتار کیا ہے۔

(جاری ہے)

حراست میں لیے گئے تارکین وطن کا تعلق یمن، صومالیا اور ایتھوپیا سے ہے۔پولیس نے بتایا کہ تمام ملزمان کو متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد انہیں بے دخل کردیا جائے گا جبکہ سہولت کار کو 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت کی پولیس نے غیرقانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے والے سعودیوں کو بھی حراست میں لیا۔ نئی کارروائی سعودی عرب کے عسیر ریجن میں کی گئی۔خیال رہے کہ سعودی قانین کے تحت اس گاڑی کو بھی بحق سرکارضبط کرلیا جاتا ہے جو غیرقانونی تارکین وطن کو منتقل کرنے کے لیے استعمال کی گئی ہو۔