متحدہ عرب امارات میں 2 مقامات پر دھماکوں کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات

مصفح میں 3 فیول ٹینکروں میں آگ لگنے سے دھماکہ ہوا‘ ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے تعمیراتی علاقے میں بھی ایک مقام پر آگ بھڑک اٹھی‘ آگ لگنے سے عین قبل اڑتی ہوئی چیزیں دونوں علاقوں میں گریں۔ ابوظہبی پولیس

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 15:48

متحدہ عرب امارات میں 2 مقامات پر دھماکوں کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں 2 مقامات پر دھماکوں کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ، ممکنہ طور پر ڈرون کی وجہ سے پیر کی صبح ابوظہبی میں آگ لگنے کے دو الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظہبی پولیس نے بتایا کہ مصفح میں 3 فیول ٹینکروں میں آگ لگنے سے دھماکہ ہوا ، ٹینکرز ADNOC کے اسٹوریج ایریا کے قریب ICAD 3 میں تھے جب کہ ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے تعمیراتی علاقے میں بھی ایک مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ چھوٹی اڑنے والی اشیاء ، جو ممکنہ طور پر ڈرونز ہیں ، وہ ان علاقوں میں گریں اور آگ لگ گئی جب کہ ابوظہبی پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے سے عین قبل اڑتی ہوئی چیزیں دونوں علاقوں میں گر گئیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، مجاز حکام کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور فی الحال آگ بجھائی جا رہی ہے ، کسی اہم نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ، پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات اور اس کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ادھرمتحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے علاقے جبل علی انڈسٹریل ایریا میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کی رات دبئی میں آگ لگ گئی تو آگ پر قابو پانے کے لیے سول ڈیفنس کی ٹیموں کو جیبل علی انڈسٹریل ایریا میں بلایا گیا جو کہ بجلی کے تار میں خرابی کے باعث لگی ، اس واقعے کے بعد کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ دبئی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ دبئی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا ہے جو جبل علی کے ایک صنعتی علاقے میں بجلی کی تار سے لگی تھی ، جہاں سے لوگوں نے بدھ کی رات 9.30 بجے کے قریب ایک زوردار دھماکے کی اطلاع دی تھی۔