پنجاب میں اگلے تعلیمی سال کے نصاب میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ

صوبے میں آئندہ تعلیمی سال 8 ماہ کا ہوگا ‘ تعلیمی سال ستمبر 2022 ءسے شروع ہو کر 2023ء مارچ میں ختم ہو گا ‘ جس کے بعد میٹرک اور انٹر کے امتحانات اسمارٹ نظام کے تحت ہوں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 17:06

پنجاب میں اگلے تعلیمی سال کے نصاب میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب میں اگلے تعلیمی سال کے نصاب میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا گیا ، سال 2023ء میں میٹرک اور انٹر امتحانات اسمارٹ نظام کے تحت ہوں گے ۔ ہم نیوز کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگلے تعلیمی سال میں نصاب کو مختصر کیا جائے گا جس کے لیے اسکولوں کے نصاب کو 20 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، نصاب میں کمی اگلا تعلیم سال مختصر ہونے کی وجہ سے کی جارہی ہے کیوں کہ اگلا تعلیمی سال ستمبر 2022 سے شروع ہو کر 2023 مارچ میں ختم ہو گا ، نصاب مختصر کرنے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ٹیکسٹ بک بورڈ کو ہدایات جاری کی جائے گی ۔

ادھر وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ رواں تعلیمی سال کے دوارن لاہور میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں 31 جنوری تک نصف حاضری ہو گی ، لاہور کے اسکولوں میں چھٹی جماعت تک 50 فیصد حاضری کی پابندی ہو گی ، ساتویں سے 12ویں جماعت تک کلاسیں شیڈول کے مطابق ہوں گی ، اس دوران تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز پر عمل کریں ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں این سی او سی نے کورونا کی 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ، 12 سال سے کم عمر 3 دن 50 فیصد آئیں گے اور 12 سال سے زائد عمر کے اسٹوڈنٹس کی مکمل حاضری ہو گی تاہم 12 سال کے زائد عمر کی طلبا کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ۔