پریانتھا کمارا قتل کیس کے پہلے ملزم کو سزا سنا دی گئی

ملزم عدنان نے سری لنکن شہری کے قتل کو درست قرار دے کر سوشل میڈیا پر تشہیر کی تھی،عدالت نے ایک سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 21 جنوری 2022 14:39

پریانتھا کمارا قتل کیس کے پہلے ملزم کو سزا سنا دی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2022ء ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پریانتھا کمارا قتل کیس کے پہلے ملزم کو سزا سنا دی،ملزم عدنان نے قتل کو درست قرار دے کر سوشل میڈیا پر تشہیر کی تھی۔ملزم عدنان نے ویڈیو میں ملزمان کے کردار کو درست قرار دے دیا تھا۔ملزم کے خلاف تھانہ رنگپورہ میں مقدمہ درج ہے۔ملزم نے سیالکوٹ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔

ملزم نے عدالت میں اعترافِ جرم کر لیا ہے۔جج نے ملزم کو ایک سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ پولیس نے سیالکوٹ واقعے پر مزید اشتعال پھیلانے والے ملزم عدنان افتخار کو 6 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔آئی جی پنجاب کے مطابق سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی پھیلانے والے ملزم عدنان افتخار کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

آئی جی پنجاب کے مطابق ملزم نے سری لنکن شہری کی ہلاکت پر اشتعال انگیز ویڈیو ویڈیو بنائی اور شئیر کی۔ ملزم کو سیالکوٹ پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر گرفتار کیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ۔7 مرکزی ملزمان کے کردار کا تعین کر لیا گیا ہے۔ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا کمارا پر قینچی سے وار کیے اور حملے میں استعمال کی گئیں دونوں قینچیاں بھی برآمد کر لی گئیں ہیں۔

ملزم تیمور نے اینٹ سے وار کیا جب کہ ملزم علی اصغر نے لاش کو آگ لگائی۔پولیس کے مطابق ملزم شہریار اور بلال نے بیرونی دروازہ توڑ کر ہجوم کو اندر بلایا، ملزم عبدالصبور نے فیکٹری وکررز کو حملے کے لیے اکسیایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کی گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 79 ملزمان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔

پیر کو پولیس نے ملزمان عدالت میں پیش کیے ۔ پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں قتل ہونیوالے پریانتھا کمارا قتل کیس میں 85 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر تھے جن میں سے 7 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا ہے جبکہ مقدمے میں ایک نئے ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پہلے سے جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں موجود 78 اور ایک نئے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیدیا ، ملزمان کو 31 جنوری کو دوبارہ گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔