Live Updates

پاکستان میں2019 سے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، حماد اظہر

عالمی منڈی میں گیس کی قیمت 5 فیصد بڑھ گئی، گیس کے ذخائر سالانہ 9 فیصد کے حساب سے گررہے ہیں، لوگوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چارجز پر تشویش ہے، بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیرتوانائی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 جنوری 2022 18:31

پاکستان میں2019 سے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، حماد اظہر
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری 2022ء) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہےکہ پاکستان میں2019 سے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، عالمی منڈی میں گیس کی قیمتیں 5 فیصد بڑھ گئی ہیں، گیس کے ذخائر سالانہ 9 فیصد کے حساب سے گررہے ہیں، لوگوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چارجز پر تشویش ہے، بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائیں گے، لاہور میں گیس، بجلی اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ لاہور میں نئے گرڈ اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں۔ لاہورمیں تحریک انصاف کی تنظیم نو کی جائے گی، پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم سازی کا مرحلہ شروع  ہواہے۔

(جاری ہے)

حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان میں2019 سے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، عالمی منڈی میں گیس کی قیمت 5 فیصد بڑھ گئی، گیس کے ذخائر سالانہ 9 فیصد کے حساب سے گررہے ہیں، بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اعتراف کرتا ہوں کہ بجلی کی قیمتیں بڑھی ہیں، لوگوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چارجز پر تشویش ہے، آنے والے دنوں میں بجلی اپنے ذخائر سے بنے گی۔ دوسری جانب وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ 5.37 فیصد جی ڈی پی گروتھ گزشتہ 14سالوں کی دوسری بہترین شرح نمو قراردے دی گئی، بلوم برگ کے نزدیک پاکستان10سالہ پائیدار ترقی کے دور میں داخل ہوچکا ہے، آئندہ10 سالوں میں روزگار میں اضافہ ہوجائے گا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان اکانومسٹ کے نارمل انڈیکس میں پہلی3 پوزیشنز پر رہا، گزشتہ مالی سال کی نظرثانی شدہ 5.37 فیصد شرح نمو اس کی عکاس ہے، نظرثانی شدہ شرح نمو گزشتہ 14سال کی دوسری بہترین شرح نمو ہے، معاشی اصلاحات اور اقدامات سے معیشت پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ مزید برآں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی اسد عمر نے کہا کہ کوروناوبا ء کے باوجود پاکستان کی معیشت کی شرح نمو میں اضافہ ہورہا ہے جس نے دنیا بھر کے ملکوں کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اوریورپ جیسے ترقی یافتہ ملک بھی کوروناوائرس کی وجہ سے مہنگائی کے مسئلے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی شاندار پیداوار کی وجہ سے پاکستان کی شرح نمو بڑھ رہی ہے اور گزشتہ کئی مہینوں سے برآمدات ، ترسیلات زر اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اضافے کارجحان ہے۔ انہوں نے اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کودوسرے ملکوں کی طرح شدید خطرات کا سامنا نہیں ہے۔ حکومت نے سات کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کے علاوہ ہسپتالوں میں پہلے ہی ضروری انتظامات کرلئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات