بھارتی تاجر نے سپاٹ فکسنگ کیلئے رقم وصول کرنے کیلئے بلیک میل کیا: برینڈن ٹیلر کا دھماکہ خیز دعویٰ

دھمکی دی گئی تھی کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں میری 2019ء میں کوکین لینے کی ویڈیو منظر عام پر لائی جائیگی: سابق زمبابوین کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 جنوری 2022 14:05

بھارتی تاجر نے سپاٹ فکسنگ کیلئے رقم وصول کرنے کیلئے بلیک میل کیا: برینڈن ..
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جنوری 2022ء ) زمبابوے کے سابق کرکٹر برینڈن ٹیلر نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک نوٹ پوسٹ کیا ہے جس میں ان واقعات کے موڑ کی تفصیل دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ سپاٹ فکسنگ کے لیے رقم قبول کرنے پر مجبور ہوئے۔ ایک حیران کن دعوے میں زمبابوے کے سابق کرکٹر برینڈن ٹیلر نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے مبینہ طور پر ایک گمنام بھارتی تاجر کی جانب سے انٹرنیشنل میچز میں سپاٹ فکسنگ کے لیے رقم وصول کی تھی کیوں کہ اسے دھمکی دی گئی تھی کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں اس کی کوکین لینے کی ویڈیو منظر عام پر لائی جائے گی۔

ٹیلر نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر شیئر کیے گئے ایک تفصیلی نوٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کس طرح اکتوبر 2019ء میں انہیں ایک تاجر نے سپانسرشپ کی تفصیلات اور زمبابوے میں ٹی 20 مقابلے کے ممکنہ آغاز پر بات کرنے کے لیے بھارت جانے کے لیے بلایا تھا۔

(جاری ہے)

برینڈن ٹیلر نے دعویٰ کیا کہ اس نے زمبابوے کرکٹ کی جانب سے چھ ماہ تک ادائیگی نہ کرنے کے پس منظر میں اس شخص کی درخواست کو قبول کیا تاہم معاملات نے ڈرامائی موڑ اُس وقت لے لیا جب مذکورہ تاجر اور اُن کے ساتھی ہندوستان میں اپنے قیام کے آخری دن اانہیں جشن کے عشائیے پر لے گئے۔

برینڈن ٹیلر نے الزام لگایا کہ اسے رات کے کھانے کے دوران کوکین لینے کا لالچ دیا گیا اور اس کی ویڈیو بنائی گئی جسے بعد میں بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جان کے خوف سے میں نے ہاں کردی اور واپس زمبابوے چلا گیا۔ میں نے تمام تفصیلات آئی سی سی کو بتائیں اور سوچا تھا کہ آئی سی سی میچ فکسرز کے خلاف کارروائی کرے گا الٹا آئی سی سی میرے خلاف ہی پابندیاں لگانے جا رہا ہے تاہم آئی سی سی کا جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کروں گا۔