Live Updates

احتساب اور کرپشن کیخلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں،عمران خان

مجرموں سے ڈیل قوم سے غداری کے مترادف ہے، اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی باتیں پھیلا کر سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 جنوری 2022 19:31

احتساب اور کرپشن کیخلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں،عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2022ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ احتساب اور کرپشن کیخلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، مجرموں سے ڈیل قوم سے غداری کے مترادف ہے، اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی باتیں پھیلا کر سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی و معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی ادارے معیشت کے بارے میں مثبت اشارے دے رہے ہیں، کرپشن کیخلاف بیانیہ کیساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، مافیا کی طرح آپریٹ کر رہی ہے، انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگ استعمال کیے، اپوزیشن ڈیل کی افواہیں پھیلا کر سیاسی ماحول بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ مجرموں سے ڈیل قوم سے غداری کے مترادف ہے، کرپشن کیخلاف بیانیہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ اپنے مشیروں اور ترجمانوں کے غلط مشورے پر محتاط رہیں ، جب کوئی مشیر ایڈوائس دیتے ہیں تو اس میں کوئی نہ کوئی اینگل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا مجھے ہٹایا گیا توپہلے سے زیادہ خطرناک بن جاؤں گا، عمران خان کا یہ بیان کہ مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا کسی دشمن نما دوست نے دیا ہوگا ، وزیراعظم عمران خان یہ دیکھیں کہ ان کے مشیر کس کی گیم کھیل رہے ہیں ، وہ اپنی سوچ کے مطابق چیزوں کو اچھالتے ہیں ، نقصان عمران خان کو ہوتا ہے ۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا ہے کہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا اور اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ، ہماری پارٹی حکومت کی یہ مدت اورآئندہ مدت بھی پوری کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات