محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام چوتھی ہارٹیکلچر ایکسپو 29جنوری سے شروع ہوگی

بدھ 26 جنوری 2022 13:33

راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء) محکمہ زراعت پنجاب نے 29جنوری سے شروع ہونے والی چوتھی ہارٹیکلچر ایکسپو کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔ زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ مقامی زرعی اجناس کی بین الاقوامی منڈیوں میں مقبولیت کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام ”پاکستان ہارٹیکلچر ایکسپو “29 سے 30جنوری تک منعقد ہوگی ۔

محکمہ زراعت پنجاب قبل ازیں تین ہارٹیکلچر ایکسپو منعقد کروا چکا ہے جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے اور ایک اندازے کے مطابق ان نمائشوں کے ذریعے پاکستانی برآمدات میں10.2 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ۔ انہوں نے بتایاکہ رواں برس پاکستان ہارٹیکلچر ایکسپو میں روس،تاجکستان،ازبکستان، بیلا روس ،قازخستان،سعودی عرب ،دوبئی،قطر،بحرین،سری لنکا،انڈونیشیا، ملائیشیا اورترکی سے ماہرین،ایکسپوٹرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

زرعی ترجمان نے کہاکہ اس نمائش کے ذریعے5 ملین ڈالر کے مفاہمتی معاہدے متوقع ہیں ۔حکام نے بتایاکہ اس ضمن میں نمائش کے انعقاد کو تقریبا ًحتمی شکل دی چکی ہے اور سٹیک ہولڈرز سے رابطے جاری ہیں ۔  نمائش کے انعقاد کے حوالے سے ہارٹیکلچرکے شعبے سے وابستہ ملکی و غیر ملکی صنعتکاروں،امپورٹرز،ایکسپورٹرز اور کاشتکاروں نے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیاہے۔