Live Updates

اپوزیشن پہلے استعفوں پھر عدم عتماد سے بھاگ گئی ، مزید ڈیڑھ برس بھی ذلیل و خوار ہوگی ، مولانا فضل الرحمن غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کررہے ہیں ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

بدھ 26 جنوری 2022 13:39

اپوزیشن پہلے استعفوں پھر عدم عتماد سے بھاگ گئی ،  مزید ڈیڑھ برس بھی ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اپوزیشن پہلے استعفوں پھر عدم عتماد سے بھاگ گئی ، اپوزیشن مزید ڈیڑھ برس بھی ذلیل و خوار ہوگی ، اپوزیشن کو فنانس بل پر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ، مولانا فضل الرحمن غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کررہے ہیں ، اپوزیشن کے پا س کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بدھ کو سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں کھیلوں کی سہولیات کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی بلیو پاسپورٹس کا اجراءہوگا ، رنگ روڈ کے ساتھ ساتھ لئی ایکسپریس وے کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ،اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ یہ 23مارچ کو بھی آکر دیکھ لیں ،اگر یہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو قانون بھی ان  کے خلاف حرکت میں نہیں آئے گا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیاکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ عہدیداروں ،ممبرز کو ججز اور گریڈ 22  کے افسروں کو وزارت داخلہ نے بلیو پاسپورٹ کے اجراءکا فیصلہ کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ساری زندگی پولیس کی سیاست نہیں کی نہ کسی بدمعاش کو سر اٹھانے دیاہے اور جب تک زندہ  ہوں  اس شہر میں کوئی بدمعاش سرنہیں  اٹھا سکتا   ،راولپنڈی شریفوں کا شہر ہے ،ہماری بیٹی پڑھی لکھی ہے ،یہاں  تین یونیورسٹیاں قائم ہو گئی ہیں ،ان شاءاللہ 120ارب روپے کا نالہ لئی ایکسپریس وے  منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا ، اس منصوبے کی بدولت راولپنڈی کے باسیوں کی تقدیر بدل جائے گی اور نیا راولپنڈی ہوگا ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چمن  اورطورخم بارڈر پر بھی مشینیں لگا دی گئی ہیں ،راولپنڈی رنگ روڈ ،نالہ لئی ایکسپریس وے کے ساتھ ماں بچہ ہسپتال بھی جلد پایہ تکمیل  کو پہنچیں  گے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ساڑھے تین برس میں اپوزیشن قومی اسمبلی یا سینیٹ میں ایک بھی بل پر عمران خان کو شکست نہیں دے سکی ،اپوزیشن بہت شور ڈالتی تھی کہ استعفے دے دیں گے لیکن یہ استعفوں سے بھی بھاگے پھر یہ عدم اعتماد سے بھی بھاگے ،اب یہ 23 مارچ کو بھی شوق سے آکر دیکھ لیں ، یہ اسلامی دنیا کے راہنمائوں کو بھی ناراض کرنے جارہے ہیں ، قوم اپوزیشن کی سوچوں سے واقف ہے ، جمہوری طریقہ یہ ہے کہ آپ اسمبلیوں میں آ کر اپنی طاقت کا اظہار کریں ، آپ نے سڑکوں کا انتخاب کیا،  یہ ڈیڑھ سال بھی   ذلیل و خوار ہوں گے ،فضل الرحمن نے بڑی تکبر کی  اور غیر ذمہ دارانہ بات کی ہے ،اگر یہ میڈیا نہ ہو تو آپ کانام بھی یہ قوم بھول جائے ۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ تعلیم کا مشن ہمارا مکمل ہوچکاہے ، راولپنڈی میں 60 تعلیمی ادارے اور تین یونیورسٹیاں مکمل ہوچکی ہیں ، ہم غریبوں کی حالت بدلنا چاہتے ہیں ، نالہ لئی کے ارد گرد بسنے والوں کی زندگیاں بدل جائیں گی ،عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نالائق اپوزیشن ملی ، اپوزیشن نے ساڑھے تین برس میں عمران خان پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے ،مری واقعہ پر ہمیں افسوس ہے ،وزیر داخلہ دو راتیں وہاں رہا ور سات سو گاڑیاں نکالیں ،مری میں جو ہوا وہ گاڑی میں گیس بھرنے سے ہوا ۔

اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ 23تاریخ کا دن بہت حساس ہے ،بہت ساری مرکزی سڑکیں بند ہوں گی ،دنیائے اسلام کے  درجنوں  وزرا خارجہ اور دیگر اہم شخصیات آئیں گی ،اپوزیشن شوق سے آئے 23 مارچ کو بھی اپوزیشن کو شکست ہی ہوگی،اپوزیشن کے لیے اس وقت تک کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے جب تک اس نے قانون کے لیے مسئلہ پیدا نہ کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات