گلگت،پولیس کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری

10سے 26جنوری تک 17سے زائد گاڑیوں کیخلاف کارروائی کر کے 70لاکھ روپے سے زائدرقم چالان کی مد میں قومی خزانے میں جمع کرائی گئی

جمعرات 27 جنوری 2022 22:13

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) گلگت بلتستان پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں تمام اضلاع میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان محمد سعید وزیر کو مہم کی ابتدا سے اب تک ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گلگت بلتستان کی سطح پر کی گئی کارروائی سے متعلق بریفنگ دی گئی.جس کے مطابق مورخہ 10جنوری 2022 سے 26 جنوری 2022 تک گلگت بلتستان بھر میں ٹوٹل 17,094 گاڑیوں کے خلاف مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور مبلغ 70 لاکھ 92 ہزار773روپے کی رقم چالان کی مد میں قومی خزانے میں جمع کرائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق 4482 افراد کیخلاف بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ کرنے 776 افراد کیخلاف کم عمری میں ڈرائیونگ،63 افراد کیخلاف ٹمپرڈ گاڑیاں رکھنے پر، 675 افراد کیخلاف بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر، 816 افراد کیخلاف غیر رجسٹرڈ NCP گاڑیاں رکھنے پر جبکہ 4000 گاڑیوں کا دیگر وائیلیشن میں چالان کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پولیس نے مجموعی طور پر ناکوں کے دوران 3932 گاڑیوں سے کالے شیشے اور 2295 گاڑیوں سے غیر نمونہ نمبر پلیٹ اتارے گئے جبکہ دو گاڑیوں کے خلاف مقدمہ قائم کیا گیا ۔ بریفنگ کے اختتام پر آئی جی پی نے کہا کہ مذکورہ مہم تاحکم ثانی جاری رہے گی۔