فیصل آباد انتظامیہ کی کاروائیاں و اقدامات ،74گرانفروشوں کوبھاری جرمانہ، 17پیشہ ورگداگر گرفتار

جمعہ 28 جنوری 2022 16:45

فیصل آباد انتظامیہ کی کاروائیاں و اقدامات  ،74گرانفروشوں کوبھاری جرمانہ، ..
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جنوری 2022ء) کمشنر فیصل آباد زاہد حسین کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد انتظامیہ کی کاروائیاں و اقدامات جمعہ کو بھی جاری رہے۔اس سلسلہ میں ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے پر74گرانفروشوں کوموقع پر ہی ایک لاکھ 23ہزار روپے جرمانہ کیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو چیک کیااورپھل وسبزیوں سمیت بعض اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت ناجائز منافع خوروں کو بھاری جرمانے کئے۔

دریں اثنامحکمہ سماجی بہبودکے اینٹی بیگری سکواڈ نے مختلف علاقوں سے17پیشہ ورگداگروں کو تحویل میں لے کر حوالہ پولیس کرادیا۔

(جاری ہے)

سکواڈ نے سی آئی اے سٹاف چوک،فلیٹ چوک سوساں روڑ،بیرون میونسپل گریجوایٹ کالج عبداللہ پور،الائیڈ موڑ،ضلع کونسل،بیرون زرعی یونیورسٹی اور دیگر پبلک مقامات پر ایکشن لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد روزانہ کی بنیاد پر اپنے آفس میں عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے متحرک ہیں۔

انہوں نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے محکمہ مال،صحت ودیگر محکموں سے متعلقہ مسائل تحمل مزاجی سے سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر ہی اسسٹنٹ کمشنرز ودیگر متعلقہ افسران کو فون کال کرکے داد رسی کی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی افسران دفاتر میں آنے والے سائلین کے مسائل کے حل میں ذمہ داری دکھائیں اورشہریوں کو بے جا انتظار اور جائز کاموں میں تاخیری حربے استعمال نہ کئے جائیں۔

انہوں نے مسائل لے کر آنیوالے شہریوں سے کہا کہ ان کے آفس کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں لہٰذاشہری بلارکاوٹ اپنے مسائل بیان کریں جن کے جائز کاموں میں تاخیر نہیں ہوگی۔اس موقع پر شہریوں نے ان کے مسائل میں گہری دلچسپی لینے اور ان کے حل کیلئے افسران کو ہدایت دینے پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا شکریہ اداکیا۔مزید برآں اسسٹنٹ کمشنرسٹی فیصل آباد صاحبزادہ محمد یوسف مستحق بچوں میں گرم ملبوسات تقسیم کرنے شہباز نگر پہنچ گئے اور احساس پروگرام کے تحت کیلاش گروپ کے زیر اہتمام بچوں میں موسم سرما کی مناسبت سے گرم جیکٹس تقسیم کیں۔

اس موقع پرمحمد صادق اور دیگر بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی بچوں میں جیکٹس کی تقسیم کے وقت ان میں گھل مل گئے اور ان سے شفقت کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اورمستحقین کی امداد وبحالی عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ وقت گزار کر دلی خوشی ہوئی۔انہوں نے اس ضمن میں کیلاش گروپ کے تعاون کابھی شکریہ اداکیا۔