ڈویژنل پبلک سکول کوبے چک کا قیام علاقہ کا نصیب بدل دے گا ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 15 فروری 2022 18:33

سیالکوٹ۔15فروری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی . 15  فروری 2022ء) :ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عمران قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس اعوان کے ہمراہ موضع کوبے چک میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔  اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد مرتضی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالرؤف،ایکسین بلڈنگ ظہیر الدین بابر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل،اے ڈی ڈویلپمنٹ محسن علی ریاض سمیت متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی ڈی ڈویلپمنٹ عبدالروف نے کوبے چک میں 16 کروڑ 77لاکھ روپے کی لاگت سے 20بیڈز پر مشتمل زیر تعمیر سول ہسپتال بمعہ سٹاف رہائش گاہوں، 55کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ڈویژنل پبلک سکول، 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ریسکیو 1122ٹاؤن اسٹیشن، 15کروڑ 65لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر شہر خاموشاں اور 14 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس کے منصوبوں پر تعمیراتی کام کی پراگرس بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں اور تعمیر نو کے اداروں کےمقامی حکام کو کوبے چک میں جاری ترقیاتی منصوبے مفاد عامہ میں جلد از جلد مکمل کرنے اور فنکشنل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، یہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ منصوبوں کےمعیار کو یقینی بنائیں تاکہ یہ منصوبے دیر پا ثابت ہوں اور عوام الناس ان فلاحی منصوبوں سے  عرصہ دراز تک بھرپور استفادہ حاصل کرسکے۔

اس موقع پر   ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈویژنل پبلک سکول کوبے چک کا قیام علاقہ کا نصیب بدلے گا ، یہ علاقہ کی عوام کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے یہاں کے رہائشی مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی جس سے ناصرف ان کے گھروں میں علم کی روشنی جائے گی بلکہ ان  کے  معاشی حالات بھی بہتر ہونگےاور خوشحالی ان کے خاندان کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے حلقہ انتخاب این اے 72 کے موضع کوبے چک کی عوام کامعیار زندگی بہتر بنانے اور ان کی محرومیوں کے ازالہ میں ایک ارب روپے زائد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی اور ان کی تکمیل کیلئے دل کھول کر فنڈز جاری کئے۔