پیپلز پارٹی بنوں ڈویژن میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے

عوامی لانگ مارچ میںشرکت کے لئے تیاریوں و انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے الگ الگ اجلاس بلا لئے

اتوار 27 فروری 2022 18:40

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی بنوں ڈویژن میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے اورعوامی لانگ مارچ میںشرکت کے لئے تیاریوں و انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے الگ الگ اجلاس بلا لئے ، یہاں لکی مروت میں پی پی پی بنوں ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سرفراز خان مینا خیل نے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس طلب کیا جس میںضلع لکی مروت کے جنرل سیکرٹری قسمت اللہ خان مروت، تحصیل لکی مروت کے جنرل سیکرٹری خان بادشاہ، جائنٹ سیکرٹری جلیل مخلص ،پی وائی او کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ساجد خان شہزاد باچا، جاوید آباخیل ، طارق خان اور پی ایس ایف کے فیصل خان سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے سابق صوبائی وزیر اور ڈویژنل صدر حاجی شیر اعظم کا پیغام کارکنوں کو پہنچایا گیا اور واضح کیا گیا کہ 8مارچ کو لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما اور سابق امیدوار برائے تحصیل مئیر میاں لیاقت علی خان کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں کا الگ اجلاس منعقد ہوا جس میں لکی سٹی کے صدر طارق سکندری، ڈویژنل سینئر نائب صدر حاجی اسم گل، ضلعی سیکرٹری اطلاعات جاوید اقبال ،تحصیل لکی مروت کے سینئر نائب صدر دین محمد، پی ایس ایف کے کامریڈ سیاب اور کارکنوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور اس سلسلے میں کارکنوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ پی پی پی کے دونوں دھڑوں کی طرف سے الگ اجلاسوں کے انعقاد سے کارکن تذبذب کا شکار ہیں جبکہ دوسری طرف باہمی اختلافات سے مقامی سطح پر پارٹی کے کمزور ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان اور سابق صوبائی وزیر حاجی شیر اعظم وزیر کی کوششوں کی بدولت پیپلز پارٹی نہ صرف بنوں ڈویژن بلکہ جنوبی اضلاع میں مضبوط قوت بن چکی ہے تاہم نچلی سطح پر دھڑے بندی اور اختلافات قائم رہے تو پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔