سکھر شہر میں مضر صحت اشیاء پان پراگ، گٹکا کی خرید و فروخت کا سلسلہ تھم نہ سکا

پیر 11 اپریل 2022 20:44

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2022ء) سکھر شہر میں مضر صحت اشیاء پان پراگ، گٹکا کی خرید و فروخت کا سلسلہ تھم نہ سکا ، اسمگلنگ کے ذریعے مضر صحت اشیاء سپلائی جاری، معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے انتظامیہ موئثر کاروائی عمل میں لائے ، سماجی حلقوں کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود شہر میں رمضان المبارک کے مقدس ایام کے دنوں میں پان پراگ، گٹکا و دیگر مضر صحت نشہ آور اشیائ کی خرید و فروخت کھلے عام جاری ہے مگر افسوس متعلقہ محکمے اس سلسلے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں، کھلے عام مضر صحت اشیاء کی فروخت کے باعث نوجوان طبقہ مضر صحت اشیاء کی لت میں مبتلا ہوکر مختلف امراض کا شکار ہوکر اسپتالوں کا رخ کررہا ہے، سکھر کے سماجی حلقوں سمیت سکھر کی سول سوسائٹی کے نمائندگان نے سکھر پولیس سمیت محکمہ کسٹم سکھرکے عملے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے نے مضر صحت اشیاء کی فروخت کیلئے اسمگلرز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جبکہ ملوث اسمگلرز کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے متعلقہ محکموں کا عملے نے رشوت کے عیوض خاموشی اختیار کر رکھی ہے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ سندھ ودیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکراسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ مضر صحت اشیائ کی خرید و فروخت کو بھی روکا جائے تاکہ نوجوان نسل کو مختلف امراض سے بچایا جاسکے۔