رمیز راجہ کو پی سی بی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے پر سی ای او کے عہدے پر غور کرنا چاہیے: راشد لطیف کا مشورہ

سی ای او کے پاس چیئرمین سے زیادہ اختیارات ہیں اسلئے رمیز کو اس عہدے پر غور کرنا چاہیے ،کوئی بھی رمیز سے زیادہ فیصلہ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا:

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اپریل 2022 17:32

رمیز راجہ کو پی سی بی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے پر سی ای او کے عہدے پر ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اپریل 2022ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے رمیز راجہ کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں وزیراعظم شہباز شریف کی نو منتخب حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا جاتا ہے تو وہ سی ای او کا عہدہ حاصل کرنے پر غور کریں۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ رمیز کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ پی سی بی کا اگلا چیئرمین کون آئے گا کیونکہ یہ ہمیشہ سیاسی تقرری ہوتی ہے تاہم اگر انہیں سی ای او بننے کا موقع ملتا ہے تو انہیں اس کے لیے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں رمیز سمجھداری سے کام کریں گے اور کرکٹ بورڈ میں رہیں گے۔ دیکھیں چیئرمین کی تقرری سیاسی ہے اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ نجم سیٹھی آنا چاہتے ہیں یا ذکا اشرف ۔

(جاری ہے)

راشد لطیف نے مشورہ دیا کہ میرا خیال ہے کہ سی ای او کے پاس چیئرمین سے زیادہ اختیارات ہیں اس لیے رمیز کو سی ای او کے عہدے پر غور کرنا چاہیے کیونکہ کوئی بھی رمیز سے زیادہ فیصلہ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی تبدیلی ہمیشہ پی سی بی کے نئے چیئرمین کو لاتی ہے۔ 11 اپریل کو شہباز کے بطور وزیر اعظم حلف اٹھانے کے بعد رمیز راجہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کی امید تھی۔ رمیز مبینہ طور پر اپنی چیئرمین شپ کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے نئے وزیر اعظم کی جانب سے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں ۔