محکمہ زراعت نے جوار کی ترقی دادہ اقسام کی کاشت کیلئے ہلکی کلراٹھی زمینوں کو بھی موزوں قرار دیدیا

منگل 19 اپریل 2022 13:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2022ء) محکمہ زراعت نے جوار کی کاشت کیلئے ہلکی کلراٹھی زمینوں کو بھی موزوں قرار دے دیاہے اور کہاہے کہ اگر کاشتکار چاہیں تو وہ ہلکی کلراٹھی زمین پر بھی جوار کاشت کرسکتے ہیں تاہم زیادہ پیداوار لینے کیلئے بھاری میراز مین جس میں پانی کا اچھانکاس ہو بہترین ہو تی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکار جوار کی ترقی دادہ اقسام جے ایس 2002، ہیگاری، جے ایس 26، چکوال جوار اور جوار 2011کی کاشت سے قبل زمین کی تیاری کیلئے اچھی طرح ہل چلانے کے بعد سہاگہ دے کر زمین کو نرم و بھربھرا کرلیں کیونکہ زمین کاہموار ہونا اچھی پیداوارکا ضامن ہے اور اگر پچھلی فصل پر مٹی پلٹنے والا ہل نہ چلایا گیاہو تو ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل اور دو مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو نرم وبھربھرا کرلینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ چارے والی فصل اپریل سے اگست تک حسب ضرورت کاشت کی جاسکتی ہے مگر اپریل و مئی میں اس کی کاشت سے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر بیج کیلئے فصل کاشت کرنی مقصود ہو تو اس سے جولائی کے مہینہ میں مکمل کرناچاہیے کیونکہ اس طرح بہترین پیداوار لی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ چارے کیلئے 32 سے 35کلوگرام فی ایکڑ اور دانوں کیلئے 6سے8کلوگرام فی ایکڑ صحت مند بیج استعمال کرنابھی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :