عمر اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کی آس برقرار

پاکستان نے پہچان دی، کبھی باہر سکونت پذیر ہونے کا نہیں سوچا ،جس کردار میں بھی موقع دیا گیا کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی دکھاؤں : ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اپریل 2022 15:12

عمر اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کی آس برقرار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اپریل 2022ء ) عمر اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کی آس برقرار ہے، مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا ہے کہ میں سخت محنت کررہا ہوں۔ 2009ء میں کیریئر شروع کرنے والے عمراکمل کئی مسائل کی وجہ سے کبھی قومی ٹیم میں اپنی جگہ پکی نہیں کرسکے مگر انھوں نے ابھی تک واپسی کی آس نہیں چھوڑی ہے، ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ میں کراچی کی رمضان کرکٹ میں اپنا نیچرل گیم کھیل رہا ہوں، توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا مگر بْرا وقت کسی پر بھی آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل دنوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بڑا ساتھ دیا، ان کی وجہ سے پی ایس ایل 7 کھیلنے کا موقع ملا، کوچ معین خان بھی ٹیم کو ساتھ لیکر چلتے ہیں، میں ان دونوں کا احسان کبھی نہیں بھلا سکتا، سخت محنت کررہا اور پاکستان ٹیم میں واپسی کیلیے پْرامید ہوں، جس کردار میں بھی موقع دیا گیا کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل سے سوال کیا گیا کہ آپ کے ساتھ کیریئر کا آغاز کرنے والے ویرات کوہلی اور روہت شرما کہاں پہنچ گئے؟ جواب میں انھوں نے کہا کہ بورڈز نے ان کا ساتھ دیا۔ میرے خیال میں مینجمنٹ تبدیل ہوبھی جائے تو کھلاڑی کی ذاتی زندگی کے بجائے کارکردگی دیکھنا چاہیے، اس طرح پلیئرز کو مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ امریکا میں کچھ مصروفیات تھیں، اہلیہ نے بھی مشورہ دیا تھا کہ وہاں ٹریننگ کروں، بہرحال میرا کسی غیر ملک میں سکونت پذیر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، ٹی ٹونٹی لیگز میں شرکت الگ بات ہے، پاکستان کی وجہ سے ہی دنیا میں ہماری پہچان ہے، میں یہاں ہی رہنا اور قومی ٹیم کیلیے کھیلنا چاہتا ہوں۔