رکن قومی اسمبلی رانا محمد اسحاق خاں اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی الہ آباد میں کھلی کچہری ‘شہریوں کے مسائل سنے

ہفتہ 14 مئی 2022 23:36

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2022ء) رکن قومی اسمبلی رانا محمد اسحاق خاں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل کی عوام الناس کے مسائل انکی دہلیز پرحل کرنے کیلئے گزشتہ روز میونسپل کمیٹی الہ آباد کے آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چونیاں خرم حمید ، ڈی ایس پی چونیاں لال محمد کھوکھر ، ڈپٹی ڈئرایکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر ، ایکسئین پبلک ہیلتھ ، ایکسئین بلڈنگ ، واپڈا اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی رانا محمد اسحاق خاں اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے شہریوں کے مسائل سنے اورسڑکوں کی تعمیرو مرمت ، صاف پانی ، سیوریج سسٹم کی بحالی، سلاٹر ہائوس ، نادرا آفس ،ڈسٹرکٹ پبلک سکول ، ریسکیو 1122کے آفس کے قیام ‘ بچوں کیلئے پلے گرائونڈز ، بجلی اور ٹرانسفارمر کی فراہمی سمیت دیگر منصوبہ جات پر جلد ازجلد کام شروع کرنے کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی رانا محمد اسحاق خاںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ علاقہ کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبہ جات پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائینگے ۔ انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام الناس کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکریں اور لوگوں جائز کام بلا کسی تاخیر کے حل کئے جائیں ۔