پارٹیوں اورچہروں کی بجائے نظام کی تبدیلی ہی عوام کے مسائل کا اصل حل ہے‘ذکر اللہ مجاہد

چوہنگ، مراکہ، مانگا اور ملحقہ علاقوں میں ہر وقت ابلتے سیوریج کی وجہ سے لوگوں کا سفر کرنا محال ہو گیاہے‘اجلاس سے خطاب

بدھ 18 مئی 2022 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پارٹیوں اورچہروں کی بجائے نظام کی تبدیلی ہی عوام کے مسائل کا اصل حل ہے۔ 74برس سے رائج فرسودہ نظام سے عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ عدالتوں، معیشت، نظام تعلیم اور ایوانوں میں انگریز کا نظام نافذ ہے۔ سامراج کے وفاداروں نے فرسودہ نظام کو سہارا دیا ہواہے‘ چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلے گا‘قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سیاست دانوں کو گھر کا راستہ دکھائے‘تینوں جماعتیں بڑے بڑے دعوے کر کے اقتدار میں آئیں، مگر کوئی بہتری نہ لا سکیں۔

جماعت اسلامی کی امانت و دیانت اورصاف و شفاف قیادت ہی اس آلودہ نظام کو ٹھیک کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غربی لاہور کے ایگزیٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس زیر صدارت امیر جماعت اسلامی غربی لاھور عبد العزیز عابد منعقد ہوا۔ امیر لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد کی طرف سے کارکنان کو فوری رابطہ عوام مہم شروع کرنے کا ہدایت کرتیہوئے کہا کہ ہم ڈور ٹو ڈور مہم کے ذریعے عوام کے دروازوں تک جماعت کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں گے۔

پاکستان کے موجودہ مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے کہا کہ حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے پورا ملتان روڈ مسائلستان بن چکا ہے۔چوہنگ، مراکہ، مانگا اور ملحقہ علاقوں میں ہر وقت ابلتے سیوریج کی وجہ سے لوگوں کا سفر کرنا محال ہو گیاہے۔ حبیب پارک، جمیل پارک اور ملحقہ آبادیوں کیلئے حکومت فی الفور پیدل سڑک عبور کرنے کا مناسب انتظام کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کی 60 فیصد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ جماعت اسلامی غربی لاہور میں آئندہ متوقع انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے رابطہ عوام مہم کو تیز کرے گی اور این سیز کی سطح پر ڈور ٹوڈور کمپین کا آغاز کرے گی۔