پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ساتویں جائزہ کیلئے مذاکرات شروع ،وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل کی آئی ایم ایف مشن کے سربراہ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ

بدھ 18 مئی 2022 21:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ساتویں جائزہ کیلئے مذاکرات بدھ کوشروع ہوگئے،وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے اس ضمن میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں وزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ، گورنرسٹیٹ بینک اورایف بی آر کے چیئرمین بھی موجودتھے۔

وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک، ایف بی آر کے سینئرانتظامی افسران کاپہلا گروپ ساتویں جائزہ کے مذاکرات کیلئے پہلے سے دوحہ پہنچ چکے ہیں۔وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اوروزیرمملکت آئندہ ہفتہ کے آغازمیں دوحہ جائیں گے جہاں مذاکرات کوحتمی شکل دی جائیگی اورتوقع ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کوکامیابی سے مکمل کرنے کیلئے ایک معاہدہ ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف مشن چیف کے ساتھ میٹنگ میں وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات اورڈھانچہ جاتی بینچ مارک کے حصول کیلئے حکومت کے عزم کااعادہ کیا۔

آئی ایم ایف مشن چیف نتھن پورٹرنے پاکستان کی معیشت کودرپیش چیلنجوں بارے جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت فوری اورطویل المعیاد دونوں اقدامات کی متقاضی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت جاری اقتصادی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے انہوں نے کہاکہ حکومت اس حوالہ سے سخت فیصلے کرے گی تاہم درمیانی اورکم آمدنی والے طبقات پرمہنگائی کے اثرات کوکم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ معاشی صورتحال پرمنفی عوامل میں سے بعض ایسے ہیں جن پرحکومت کااختیارنہیں ہے۔ان میں رسد میں رکاوٹیں، ضروری اشیا کاسپرسائیکل، اورروس یوکرائن تنازعہ شامل ہیں جن کی وجہ سے اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ان عوامل کی وجہ سے پاکستان میں حسابات جاریہ کے کھاتوں اورزرمبادلہ کے ذخائرپر دباؤبڑھا ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت معیشت پربوجھ کوکم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی تاہم معاشرے کے اقتصادی طور پر کمزور طبقات کومحفوظ بنایا جائیگا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ہمیں ڈھانچہ جاتی مسائل کو حل کرنا ہوگا کیونکہ اس سے مالی خسارہ کم ہوگا اورپائیداراقتصادی بڑھوتری کاحصول ممکن ہوگا۔ وزیرخزانہ نے عالمی معیشت کیلئے مشکل کے دورمیں حمایت اورتعاون فراہم کرنے پرآئی ایم ایف مشن چیف کاشکریہ اداکیا۔اجلاس میں فریقین نے ساتویں جائزہ کوکامیابی سے مکمل کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔