صفر لوڈ شیڈنگ کے دن دوبارہ واپس نہیں آئیں گے

یکم مئی سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والے وفاقی وزیر نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 مئی 2022 00:31

صفر لوڈ شیڈنگ کے دن دوبارہ واپس نہیں آئیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2022ء) وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ صفر لوڈ شیڈنگ کے دن دوبارہ واپس نہیں آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خرم دستگیر خان نے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے کی بری خبر سنائی ہے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق عید الفطر سے قبل یکم مئی تک لوڈ شیڈنگ ختم کر دینے کا دعویٰ کرنے والے خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ صفر لوڈ شیڈنگ کے دن دوبارہ واپس نہیں آئیں گے لیکن اسے محدود کیا جائے گا، بین الاقوامی سطح پر آئندہ 6 ماہ میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے اس سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔

دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے لگا، ملک کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے، ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار53 میگاواٹ ہے، جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 447 میگاواٹ ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد ہے، پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 868میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1ہزار104میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 11 ہزار 695 میگاواٹ ہے۔

ہوا سے ایک ہزار260 میگاواٹ سولر سے بجلی کی پیداوار صفر ہے، بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 153 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 251 میگاواٹ ہے، بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے۔ اس صورتحال میں وزیراعظم شہباز شریف ملک میں بجلی کی مسلسل لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر پاور ڈویژن اور وزیر توانائی کو طلب کیا اور برہمی کا اظہار کیا ۔

وزیراعظم نے استفسار کیا کہ پاور پلانٹس چلنے کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیوں ہورہی ہے۔پاور ڈویژن بجلی کی پیداوار اور طلب اور لوڈشیڈنگ بارے حقائق بتائے۔وزیراعظم نے میڈیا پر پورے ملک بجلی میں لوڈ شیڈنگ کی رپورٹس کانوٹس لیا ہے اور خرم دستگیر ،مصدق ملک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام سے جواب طلب کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا اگر آپ بجلی ضرورت سے زیادہ ہونے کے باوجود لوگوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں دلا سکتے تو یہ افسوسناک ہے۔ شہباز شریف حیران ہوتے ہوے کہا میں نے یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا حکم دیا الٹا لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی۔