مقبوضہ کشمیر کی صورتحال روزبروز بگڑتی جارہی ہے ،عمر عبداللہ

جمعہ 20 مئی 2022 23:30

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑتی جارہی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں سیاحتی سرگرمیوں اور پروازوں کی تعداد میں اضافہ کی بنیاد پرمقبوضہ علاقے کی صورتحال کو معمول کے مطابق قرارنہیں دیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام 5 اگست 2019 کو مودی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعدسے مسلسل خوف کے ماحول میں زندہ ہیں ۔ انہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری کے مودی حکومت کے دعوئوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اگست2019 کے بعد مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اور مقبوضہ علاقے میں شہریوں کا قتل عام مسلسل جاری ہے اور کشمیری عوام میں عدم تحفظ کا احساس تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مودی حکومت کے قول و فعل میں تضاد کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ اگست2019کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں کہیں بھی عوام کی زندگیوں میں اس طرح بہتری نہیں آئی، جس کے دعوے مودی حکومت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی سے قبل جو کشمیری غریب تھا وہ آج مزیدغریب ہوگیاہے، جو آرام سے دو وقت کی روٹی کمارہا تھا اس کے لیے آج اپنے کنبے کی کفالت کرنا مشکل ہوگیاہے۔