نیا بجٹ حقیقی معنوں میں غریب پرور ہونا چاہیے ‘حمزہ شہباز

پیر 23 مئی 2022 17:47

نیا بجٹ حقیقی معنوں میں غریب پرور ہونا چاہیے ‘حمزہ شہباز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) :وزیر اعلی حمزہ شہباز کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں نئے مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے بجٹ میں عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے پر فوکس کیا جائے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کم وسیلہ طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ نیا بجٹ حقیقی معنوں میں غریب پرور ہونا چاہیے۔

عام آدمی پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔آوٹ آف باکس اقدامات کرکے عام آدمی کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کے اقدامات تجویز کئے جائیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے جنوبی پنجاب کے لئے فنڈز بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی حمزہ شہبازنے نئے مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی پروگرام کی تجاویز کو جلد حتمی شکل اور منتخب نمائندوں اور اقتصادی ماہرین پر مشتمل اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی- کمیٹی حتمی سفارشات وزیر اعلی حمزہ شہباز کو پیش کرے گی۔

اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، میاں مجتبی شجاع الرحمن، خواجہ عمران نذیر، ذیشان رفیق، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ، چیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔