عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ ،سابق رکن قومی اسمبلی محمدحنیف عباسی کی درخواست پر سماعت یکم جون تک ملتوی

منگل 24 مئی 2022 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس محمد امجد رفیق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی محمدحنیف عباسی کی جانب سے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا کے خاتمے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت اے این ایف کے وکیل کی عدم حاضری پر یکم جون تک ملتوی کر دی ہے ۔

گزشتہ روز سماعت کے موقع پر حنیف عباسی اپنے وکیل احسن بھون کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے تاہم اے این ایف کے پراسیکیوٹر عدالت میں موجود نہ تھے جس پر عدالت نے اے این ایف پراسیکیوٹر کوعدالت حاضر ی کا آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا کہ اگر اب بھی وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے تو عدالت اے این ایف کے افسران کو طلب کرے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انسداد منشیات راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج سردار محمد اکرم نے 21جولائی2018کوایفی ڈرین کوٹہ کیس میں الزام ثابت ہونے پرمحمد حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ ان کے بھائی باسط عباسی سمیت7دیگرملزمان کو مقدمہ سے بری کر دیا تھا ۔

حنیف عباسی پر 500کلو گرام ایفی ڈرین کوٹے کے غیر قانونی استعمال کا الزام تھا۔حنیف عباسی کے خلاف یہ مقدمہ 21جولائی2012کو درج کیا گیا تھاتاہم بعد ازاں عدالت عالیہ نے حنیف عباسی کی سزا پہلے ہی معطل کر دی تھی ۔