لاہور ہائی کورٹ کا تحریک انصاف کے گرفتار راہنماﺅں اور کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم

ہم چاہتے ہیں سب پرامن رہیں کسی کے ہاتھ میں ڈنڈا نہ ہو اور اس ملک کے لیے سب کو قانون کے اندر رہنا چاہیے. چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 مئی 2022 16:30

لاہور ہائی کورٹ کا تحریک انصاف کے گرفتار راہنماﺅں اور کارکنوں کو رہا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2022 ) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام گرفتار راہنماﺅں اور کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے لاہور ہائی کورٹ میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پی ٹی آئی کے راہنماﺅں اور کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی تھی. عدالت نے تمام راہنماﺅں اور کارکنوں کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو پی ٹی آئی کارکنوں اور راہنماﺅں کو رہا کرنے کا حکم دیا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ میں بھی معاملہ زیر سماعت ہے، ہمارا جب جی چاہتا ہے سرکاری املاک کو توڑ دیتے ہیں پہلے آپ سب رکیں اور دیکھیں کہ سپریم کورٹ کیا حکم دیتی ہے.

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو حکم آئے گا اس کے مطابق مزید حکم جاری کریں گے ہم لوگوں نے کیا طے کر دیا ہے کہ آرام سے بات نہیں کر سکتے جن لوگوں کو نظر بند کیا گیا ہے ان سے بیان حلفی لے لیں تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ میں وکلا کی حد تک بیان حلفی دینے کو تیار ہوں کہ یہ سب لوگ پرامن رہیں گے. چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سب پرامن رہیں کسی کے ہاتھ میں ڈنڈا نہ ہو اور اس ملک کے لیے سب کو قانون کے اندر رہنا چاہیے ہم سب کو مل کر اس ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراﺅ نہیں ہونا چاہیے واضح رہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے فیصلے پر ملک بھر سے پی ٹی آئی کے راہنماﺅں اور کارکنان کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے اور کئی افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے.