اتحادی حکومت کا اگست 2023تک مدت مکمل کرنے کا فیصلہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو ریلیف پیکج د یا جائے گا

جمعہ 27 مئی 2022 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی حکومت نے اگست 2023تک مدت مکمل کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے دبائو میں آکر کوئی انتخابات نہیں ہوں گے ،ڈی چوک پر کسی کو دھرنا نہیں کرنے دیں گے ،عمران چھ دن بعد آئیں مختص جگہ احتجاج کا شوق پورا کر لیں، وقت آگیا تصادم کی بجائے ملک کے لئے کام کریں ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اتحادیوں کا اہم اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا ۔اجلاس میں بڑے حکومتی فیصلے کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اگست 2023تک مدت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے پیش نظر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کے لئے بڑاریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پیکیج بی ایس پی اسکیم کے زریعے دیا جائے گا ۔

پیکیج سے سوا کروڑ افراد مستفید ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ غیر یقینی صورتحال سے ملک کو نکالا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا سب کو بتا دیں کوئی غیریقینی نہیں مدت مکمل کریں گے ۔ دبائو میں آکر کوئی انتخابات نہیں ہوں گے ۔ڈی چوک پر کسی کو دھرنا نہیں کرنے دیں گے ۔وزیراعظم نے کہا عمران چھ دن بعد آئیں مختص جگہ احتجاج کا شوق پورا کر لیں ۔اتحادیوں کی جانب سے حکومتی فیصلوں کی مکمل تائید کی گئی ۔ وزاعظم کا کہناتھا دسمبر جنوری تک حکومتی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آئیں گے ۔ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔وقت آگیا تصادم کی بجائے ملک کے لئے کام کریں۔