لداخ میں بھارتی فوج کی گاڑی دریائے شیوک گرنے سے 7 فوجی اہلکار ہلاک

26 اہلکاروں کا قافلہ پرتاپور میں ٹرانزٹ کیمپ سے سب سیکٹر حنیف جارہا تھا ‘زخمی اہلکاروں کو منتقل کرنے کے لیے فضائیہ سے مدد کی درخواست کی ہے.ترجمان کی بھارتی نشریاتی ادارے سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 27 مئی 2022 21:02

لداخ میں بھارتی فوج کی گاڑی دریائے شیوک گرنے سے 7 فوجی اہلکار ہلاک
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 مئی ۔2022 ) لداخ میں بھارتی فوج کی گاڑی دریائے شیوک کے قریب سڑک سے پھسل کر بھاری پتھروں سے ٹکراتے ہوئے دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں. بھارتی نشریاتی ادارے ”این ڈی ٹی وی“ کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان نے کہا کہ 26 اہلکاروں کا قافلہ پرتاپور میں ٹرانزٹ کیمپ سے سب سیکٹر حنیف جارہا تھا انہوں نے کہا کہ تھوئس سے تقریباً 25 کلومیٹر دو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے گاڑی سڑک سے پھسل کر دریائے شیوک میں 50 سے 60 فٹ گہرائی میں جاگری، جس سے گاڑی میں موجود تمام اہلکار زخمی ہوئے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جائے وقوع پر تیزی سے ریسکیو آپریشن کیا گیا اور تمام اہلکاروں کو پرتاپور میں فیلڈ ہسپتال منتقل کیا گیا ترجمان نے کہا کہ ہسپتال میں اب تک 7 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں جبکہ دیگر کو بھی گہرے زخم آئے ہیں. انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ تشویشناک حالت میں موجود اہلکاروں کو مغربی کمانڈ منتقل کرنے کے لیے بھارتی فضائیہ کو بھی معاونت کی درخواست کی جاچکی ہے.

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے جوانوں کے ورثا سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ لداخ میں بس حادثے کا سن کر شدید تکلیف ہوئی جس میں ہم نے آرمی کے 7 بہادر جوانوں کو کھو دیا نریندر مودی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو تمام ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی.