کوہلو میں بلدیاتی الیکشن کا جائزہ لینے کےلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد

ہفتہ 28 مئی 2022 23:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) کوہلو میں بلدیاتی الیکشن کا جائزہ لینے کےلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جو ڈپٹی کمشنر آفس سے برآمد ہوا اور کیڈٹ کالج سے ہوتے ہوئے نیوٹاون میں جاکر اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان علی مگسی ، ایس پی شاہد کمال، لیفٹیننٹ کرنل مقتدی اور رسالدار میجر لیویز شیر محمد نے مختلف علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

فلیگ مارچ میں پولیس ،لیویز اور ایف سی اہلکاروں پر مشتمل دستے نے حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلئے سیکورٹی کے اہلکار چوکس ہیں تمام علاقوں میں ووٹرز کو رائے حق دہائی کےلئے سہولیات فراہم کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے ہیں پولیس تھانہ اور لیویز لائن میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں ایس ایچ او حق نواز اور رسالدار میجر شیر محمد مری بی ایریا کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیں گے الیکشن کو صاف و شفاف منعقد کرنے کےلئے ہر ممکن کوشاں ہیں ضلع کے تمام علاقوں میں پولنگ عملہ اور سامان پہنچ چکا ہے جبکہ کاہان کے کئی دور دراز علاقوں میں آج رات تک سامان اور عملہ پہنچ جائے گا ۔