سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما ئوں کی عبوری ضمانت منظور

پیر 20 جون 2022 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2022ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لانگ مارچ کے موقع پر توڑ پھوڑ ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں درج دہشتگردی کے مقدمہ میں تحریک انصاف کے بارہ رہنما ئوں کی عبوری ضمانت منظور کرلی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں حماد اظہر، یاسر گیلانی، یاسمین راشد ،زبیر خان نیازی، عندلیب عباس، جمشید اقبال چیمہ ،مسرت جمشید چیمہ، امتیاز شیخ، ندیم عباس، میاں اسلم اقبال ،میاں محمود الرشید اور میاں اکرم عثمان کی ایک ایک لاکھ مچلکوں کے عوض 28 جون تک عبوری ضمانت منظور کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما ئوں کی جانب سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی رہنما ئوں کے خلاف پورے پنجاب میں ایک نوعیت کے نامعلوم مقدمات درج کروا ئے ہیں انہیں سیاسی بنیادوں پر مقدمات میں ملوث کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت اگر ایک مقدمے میں ضمانت منظور کرتی ہے تو پولیس کسی نئے نامعلوم مقدمے میں نامزد کر دیتی ہے، ملزمان کے وکیل نے استدعاکی کہ عدالت پولیس کے رویہ کا نوٹس لے، ملزمان کی عبوری ضمانتیں منظور کی جا ئیں۔ پی ٹی آئی رہنما ئوں کو تھانہ شفیق آباد میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔