آرمی چیف سے سعودی ولی عہد سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، عسکری شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

ر دونوں جانب سے قریبی برادرانہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے ،مسلم امہ کے اتحاد کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق

اتوار 26 جون 2022 15:55

جدہ /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2022ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، عسکری شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال اور دونوں جانب سے قریبی برادرانہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے ،مسلم امہ کے اتحاد کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا، جس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی عرب کے اول نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع سمیت سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سیکورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودیہ کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔

ملاقات میںدونوں جانب سے مشترکہ تربیت، ائیر ڈیفنس، انسداد دہشت گردی اور مواصلات و انفارمیشن کے شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کو پائیدار اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں جانب سے خطے میں مسلم امہ کے اتحاد کے حوالے سے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے رہنے پر بھی اتفاق پایاگیا۔