ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے رہنماؤں کا احتجاج، ایوان سے واک آئوٹ

ہمارے علاقوں کے منصوبوں کو کوئی ترجیح نہیں دی گئی، حکومتی بینچوں سے دوسری جانب جانے میں ہمیں وقت نہیں لگے گا،صابر قائمخانی

بدھ 29 جون 2022 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) قومی اسمبلی میں حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم اور جی ڈ اے کے اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا ۔ بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے ایوان میں احتجاج کیا، ایم این اے صابر قائمخانی نے کہا کہ ہمارے علاقوں کے منصوبوں کو کوئی ترجیح نہیں دی گئی، حکومتی بینچوں سے دوسری جانب جانے میں ہمیں وقت نہیں لگے گا۔

اس دوران ایم کیو ایم کے ارکان صلاح الدین اور صابر قائم خانی نے ایوان سے واک آؤٹ کی دھمکی دی گئی، بات نہیں ماننی تو ہم ایسی وزارتوں پر تھو بھی نہیں کرتے۔ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے احتجاج پر وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایم کیو ایم ارکان سے مذاکرات کیے، اس دوران ایم کیو ایم رہنما صلاح الدین نے کہا کہ ہماری جماعت نے اس حکومت کے لیے بھاری سیاسی قیمت ادا کی ہے جبکہ صابر قائمخانی حکومت میں ایک شخص ہے جو ہمارے منصوبوں کو بجٹ میں شامل نہیں ہونے دے رہا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کے رہنما رکن غوث بخش مہر نے ایوان سے واک آؤٹ کیا، انہوںنے کہاکہ ہم کیوں پیسے ضائع کر رہے ہیں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی کیا ضرورت تھی، وہاں جس طرح کے بلدیاتی انتخابات کروائے گئے سب نے دیکھا سندھ بلدیاتی انتخابات پر ایوان سے واک آؤٹ کرتا ہوں۔