کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کے شکر گزار ہیں ، خواجہ محمد آصف

پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ افغان عوام کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ کھڑے ہوں، ایرانی سفیر سے گفتگو

بدھ 29 جون 2022 18:50

کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2022ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے یہاں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر دفاع نے صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے پروان چڑھنے والے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے۔ جوائنٹ بارڈر کمیشن (جے بی سی) کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں امن کے حصول کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہے کہ افغان عوام کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا ان تمام سالوں کے بعد افغانوں کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے اور اس کے مستحق ہیں اور عالمی برادری کو اس راستے پر مضبوطی سے چلنے میں ان کی مدد کرنی چاہیے۔

ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع اور توانائی کے شعبے میں وسیع تعاون کے امکانات رکھتے ہیں۔ دونوں اطراف نے اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کا ارادہ ظاہر کیا، دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ سلامتی میں اضافہ، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی روابط کو ہو گا ۔