عید تک رات 12 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے، اجمل بلوچ

بیکرز اور جنرل سٹورز کے اوقات کار بڑھائے جائیں، خالد چوہدری

جمعرات 30 جون 2022 18:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2022ء) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری و کنوینر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چودھری نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ایک ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنائ اللہ نے وعدہ کیا تھا کہ عید کے موقع پر مارکیٹوں کی بندش کے اوقات میں نرمی کی جائے گی تاکہ دکاندار عید کا سیزن لگا سکیں۔

کل سے ذوالحج کا مہینہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ گزشتہ دوبرس تاجر کورونا کا شکار رہے زیادہ تر کی بقا کا مسئلہ ہے۔ اخراجات پورے کرنا مشکل ہیں اب رات 9 بجے کاروبار بند کروا دیے جاتے ہیں اور بندش کے لیے حکومتی احکامات پر دفعہ 144 کے تحت عملدرآمد کروایا جاتا ہے جس سے دوکاندار دہشت زدہ ہیں اور کسی بھی غلطی کی صورت میں کریمنل بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں دفعہ 144 کا اوقات کار کے لئے استعمال پہلی دفعہ ہو رہا ہے تاجروں کو خلاف ورزی پر جیل بھیجنے اور گرفتاری کے رجحان کا منفی اثر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے کہا کہ وعدے کے مطابق جمعرات سے رات 12 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسٹورنٹس کو ساڑھے گیارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے جبکہ ٹیک اوے کی رات بھر اجازت ہے جبکہ بیکرز اور جنرل سٹور رات 9 بجے بند کروائے جا رہے ہیں حالانکہ وہ روز مرہ استعمال کی اشیائ فروخت کرتے ہیں، انہیں بھی رات 12 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے۔