منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 26 جولائی تک ملتوی

جمعہ 1 جولائی 2022 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 26 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ احتساب عدالت نمبر 9 کے جج قمر الزمان نے منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کی ،فاضل جج قمر الزمان کی عدالت میں جمعہ کو ہی کیس منتقل ہوا تھا۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت پر وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلا کی جانب سے ان کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اسلام آباد میں اہم اجلاس ، حمزہ شہباز اہم ترین اجلاس اور اسمبلی سیشن میں دوبارہ قائد ایوان کیلئے ری پولنگ کے سلسلے میں مصروف ہیں، استدعا ہے کہ ایک روز کی حاضری معافی کی درخواستوں کو منظور کیا جائے۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی دائر درخواستوں پر وکلا سے حتمی دلائل طلب کر لئے۔