ملک میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا

ٹیل ریس ٹنل میں بندش کی وجہ سے نیلم جہلم ہائیڈل پاور اسٹیشن کو بند کر دیا گیا، پاور سٹیشن کی بندش حفاظتی اقدامات کے تحت کی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 6 جولائی 2022 22:47

ملک میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی2022ء) ملک میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا، ٹیل ریس ٹنل میں بندش کی وجہ سے نیلم جہلم ہائیڈل پاور اسٹیشن کو بند کر دیا گیا، پاور سٹیشن کی بندش حفاظتی اقدامات کے تحت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈل پاور اسٹیشن کی ٹیل ریس ٹنل میں بندش واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاور سٹیشن کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق ٹیل ریس ٹنل میں بندش کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں، وجوہات معلوم ہونے پر ٹیل ریس کی بندش دور کرنے کے لئے اقدامات شروع کئے جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاور سٹیشن بند ہونے کی اطلاع وزارت آبی وسائل کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کو کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈل پاور اسٹیشن سے قومی گرڈ کو تقریباً 1 ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس ہائیڈل پاور اسٹیشن کی بندش کی وجہ سے ملک میں بجلی کی قلت کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ دوسری جانب نیلم جہلم ہائیڈل پاور اسٹیشن کی بندش کے حوالے سے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پاور پراجیکٹ میں تعطل آیا ہے ، یہ ایک مشکل منصوبہ ہے، تعطل کو تلاش کیا جارہا ہے، انشااللہ جتنی جلدی انسانی طاقت سے ٹھیک کرسکے ٹھیک کریں گے ۔

ملک میں بجلی قلت کے بحران کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ دنوں میں تربیلا ڈیم میں پانی کی کثیر مقدار آچکی ہے، یکم جولائی کو 1125میگا واٹ کی پیدوار تھی اس میں اڑھائی ہزار میگا واٹ بجلی کی پیدواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت بجلی کا شارٹ فال جو اوسط 4 سے 5 ہزار میگاواٹ ہے اس میں 50فیصد کمی آئے گی ،موسم کی بہتر کی وجہ سے طلب میں کچھ کمی آئی ہے ،انشااللہ عیدالاضحی کے دنوں میں پاکستان کے عوام کو لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی محسوس ہوگی ۔