براڈ پیک کی مہم جوئی، شریف سدپارہ کو لاپتہ ہوئے 3 روز گزر گئے

سرچ آپریشن تاحال شروع نہیں کیا جاسکا جس کے باعث شریف سدپارہ کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم شریف سدپارہ 7 ہزار میٹر بلند چوٹی براڈ پیک پر مہم جوئی کے دوران پھسل کر کھائی میں گرگئے تھے، ساتھی کوہ پیمائوں کی گفتگو

جمعرات 7 جولائی 2022 16:25

اسکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2022ء) براڈ پیک کی مہم جوئی کرنے والے پاکستانی کوہ پیما محمد شریف سدپارہ کو لاپتہ ہوئے 3 روز گزر گئے۔ذرائع نے بتایا کہ تین روز گزر جانے کے بعد بھی سرچ آپریشن تاحال شروع نہیں کیا جاسکا جس کے باعث شریف سدپارہ کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ساتھی کوہ پیماؤں نے بتایا کہ شریف سدپارہ 7 ہزار میٹر بلند چوٹی براڈ پیک پر مہم جوئی کے دوران پھسل کر کھائی میں گرگئے تھے، اس دوران دلاور سدپارہ اور مراد سدپارہ نے موقع پر ریسکیو کی کوشش کی جو ناکام رہی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شریف سدپارہ کے گھر والوں کی آرمی ایوی ایشن سے رسیکیو کی اپیل کردی ہے جبکہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔قبل ازیں نانگا بربت چوٹی کو سر کرنے کیلئے جانے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوپ پیما شہروز کاشف اور فضل علی کیمپ 3 پر موجود ہیں، جو اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی سے پہنچ گئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زمین پر تلاش کرنے والی ٹیم پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کے قریب ہے جو اس وقت 21000 فٹ کی بلندی پر کیمپ 3 میں موجود ہیں تاہم ہیلی مشن گھنے بادلوں اور بہت زیادہ اونچائی کی وجہ سے کوہ پیماؤں کو نہیں اٹھا سکے۔