وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کرک میں سیلاب سے متاثرہ تحصیل تخت نصرتی کیلئے 30 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان

صوبائی حکومت محدودوسائل کے اندر رہتے ہوئے سیلاب زدگان کی امدادکے لئے تمام ممکنہ اور دستیاب سہولیات فراہم کریگی، محمود خان

ہفتہ 16 جولائی 2022 22:27

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کرک میں سیلاب سے متاثرہ تحصیل تخت نصرتی ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2022ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع کرک میں سیلاب سے شدید متاثرہ تحصیل تخت نصرتی کے لئے 30 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محدودوسائل کے اندر رہتے ہوئے سیلاب زدگان کی امدادکے لئے تمام ممکنہ اور دستیاب سہولیات فراہم کریگی۔ وہ ہفتہ کے روز چند روز پیشتر سیلاب سے شدیدمتاثرہ ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے دورہ کے موقع پرامبیری کلہ کے مقام پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیاجبکہ حکام نے اٴْنہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کرک سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک ‘صوبائی وزیر آبادی و ریلیف اقبال وزیر‘ تحصیل تخت نصرتی میئر سجادخٹک‘ تحصیل کرک سٹی میئر عظمت خٹک‘ کمشنر کوہاٹ جاوید مروت‘ ڈی آئی جی کوہاٹ طاہرایوب‘ ڈپٹی کمشنر کرک خالد اقبال اور ڈی پی او کرک شفیع اللہ خان گنڈہ پورسمیت تمام صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے تقریب سے خطاب کے آغاز پر جاں بحق افرا د کے لئے دعائے مغفرت کی اور سیلاب سے جاں بحق10 افراد کے لواحقین میں تین تین لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاں بحق افراد کو مزید پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی اور کہاکہ جاں بحق افرادکے لواحقین کو مجموعی طورپرفی کس8 لاکھ روپے امداد کی رقم ملے گی۔

محمودخان نے کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں حالیہ سیلاب سے مکمل طورپر تباہ گھروں کیلئے 4 لاکھ اور جزوی طور پر نقصان شدہ مکانات کے لئے ایک لاکھ 60 ہزار روپے کی امدادکا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ محمودخان نے کہا کہ اٴْن کے دورہ کا بنیادی مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خود جاکر متاثرین سے ملنااور اٴْن کے دکھ دردمیں برابرکا شریک ہوناتھا۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکموں کو ہدایت کہ وہ ایک ماہ کے اندر اندر تمام نقصانات کا تخمینہ تیار کرکے منظوری کے لئے صوبائی حکومت کو پیش کردے تاکہ فنڈز کا بندوبست کرکے ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے اور سرکاری تعمیرات کی مرمت کرکے بحال کیا جاسکے۔

اٴْنہوں نے ہدایت کی کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے سیاسی اور بلدیاتی نمائندوں کو بھی شریک کیا جائے تاکہ کوئی محروم نہ ہوجائے۔ محمودخان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت مقامی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام تجاوزات کا بلا امتیاز خاتمہ کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے ۔وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ اگر یہ تجاوزات نہ ہوتیں تو ممکنہ طورپرعلاقہ کا کم سے کم نقصان ہوجاتا۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ وہ آپ کا اپنا وزیراعلیٰ ہے جو ہر مشکل میں اپنے عوام کے پاس پہنچ کر اٴْن کے دکھ درد میں شریک ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگان کی مدد کرنے پر تمام محکموں خصوصاً ریسکیو1122 اور صوبائی محکمہ ریلیف کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ محمودخان سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے افراد سے بھی ملے اور انہیں صوبائی حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دہانی کرائی۔